لاہور:(نیوزڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے وفاقی وزیر چودھری ارمغان سبحانی کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ حمزہ شہباز شریف اظہارِ تعزیت کے لیے چودھری ارمغان سبحانی کی رہائشگاہ پہنچے جہاں انہوں نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعا کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماں کا سایہ سر سے اٹھ جانا ایسا دکھ ہے جس کا احاطہ الفاظ میں ممکن نہیں۔ انہوں نے مرحومہ کے اہل خانہ کو صبر جمیل کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 130 سے زائد دہشتگردوں کا صفایا کیا، تاہم فتنہ الہندوستان کے حملوں میں 18 شہری اور 15 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردوں نے بدترین درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین، بچوں، معمر افراد اور محنت کشوں کو نشانہ بنایا، مگر ایسے بزدلانہ حملوں سے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو ٹھیس نہیں پہنچ سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔









