لاہور(نیوزڈیسک): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے اٹلی کے شہر وینس میں منعقدہ تاریخی آرٹ نمائش، 61ویں وینس بیانالے میں پاکستانی پیویلین کی ٹیم نے ملاقات کی ۔ لاہور میں ہونیوالی ملاقات میں نجم سیٹھی، پویلین کی نمائندگی کرنے والی پاکستان کی معروف آرٹسٹ فائزہ بٹ، پویلین کی کیوریٹر ،بیٹریز کوفینٹس فلیکانو، اور پاکستان پیویلین کمشنر ڈاکٹر یعقوب خان بنگش شریک تھے۔
وفدنے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ وینس میں رواں برس نمائش میں پاکستان کے روایتی آرٹ، اسکی جمالیات و خوبصورتی کے بارے دنیا بھر سے آئے مہمانوں و سیاحوں کو دکھایا جائے گا۔ وزیر اعظم کو مزید بتایا گیا کہ مئی سے نومبر تک پاکستانی پویلین کے تحت متعدد ایونٹس کا اہتمام کیا جائے گا جو پاکستانی ثقافت اور فن کے مختلف پہلوؤں سے متعلق دنیا بھر سے آئے مہمانوں کو آگہی دینگے۔
وزیرِ اعظم نے ٹیم کا خیر مقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی تاریخ و ثقافت کی خوبصورتی اور اس میں تنوع اور شمولیت کے عناصر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔وفد نے وزیرِ اعظم کو پاکستانی پویلین کے افتتاح کی بھی دعوت دی۔









