بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عطاء تارڑ کادورہ اے پی پی، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال کی ہدایت

 

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کو ادارے کے اغراض و مقاصد، تنظیمی ڈھانچے اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

عطاء اللہ تارڑ کو اے پی پی کی مجموعی کارکردگی، ڈیجیٹل حکمت عملی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر جامع بریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں اے پی پی کی ڈیجیٹل موجودگی کو مزید موثر اور وسیع بنانے، ادارے کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے اور اسٹریٹجک بیانیہ سازی میں ادارے کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال، ڈیجیٹل آؤٹ ریچ میں اضافہ اور علاقائی زبانوں میں خبروں کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے علاقائی زبانوں میں خبروں کے مواد کی نچلی سطح تک ترسیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ بلوچی، براہوی، سندھی، پشتو اور سرائیکی نیوز سروسز کے تحت تیار کردہ مواد کی بھرپور تشہیر سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

عطاء اللہ تارڑ نے اُبھرتے ہوئے میڈیا رجحانات کے مطابق اے پی پی کی ڈیجیٹل صلاحیتوں میں اضافہ کرنے پر زور دیا اور منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی کی ادارے میں شفافیت کو یقینی بنانے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کرپشن کے خلاف اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے پی پی کرپشن کیس کی عدالتی کارروائی اور ٹرائل پر قریبی نظر رکھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کو ترجیحی بنیادوں پر منعقد کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے ادارے کی مجموعی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔