پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں محمد رضوان نے کہا کہ اسلام آباد میں پیش آنے والے افسوسناک حملے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کٹھن اور المناک گھڑی میں ان کی تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہمارا پیارا وطن اور اس کے عوام پہلے ہی بے شمار دکھوں اور آزمائشوں سے گزر چکے ہیں، اور یہ سانحہ ایک اور گہرا زخم ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اور اس کے بہادر عوام ہر مشکل میں ثابت قدم اور سربلند رہے ہیں۔
قومی کرکٹر نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہماری ارضِ پاک کی حفاظت فرمائے اور ہمارے عوام کو امن، صبر اور طاقت عطا کرے۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسجد اور امام بارگاہ کے اندر گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 33 افراد شہید جبکہ 170 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور کو نمازِ جمعہ کے دوران مسجد میں داخلے سے روکا گیا، جس پر اس نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکا پہلی رکعت کے سجدے کے دوران ہوا، جس کے نتیجے میں مسجد میں بھگدڑ مچ گئی، جبکہ ایک حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اسلام آباد حملے پر محمد رضوان کا اظہارِ افسوس، شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی








