بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بنگلا دیش کے عام انتخابات میں ووٹنگ کا عمل مکمل، گنتی جاری

ڈھاکہ (ویب ڈیسک)بنگلہ دیش کے عام انتخابات میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیاہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے ووٹنگ شروع ہوئی جو ساڑھے تین بجے تک جاری رہی، تین سو میں سے 299 حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے، ایک حلقے میں امیدوار کی موت کے باعث الیکشن ملتوی کیا گیا تھا۔

بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق چند ایک نا خوشگوار واقعات پیش آئے۔ تاہم مجموعی طور پر انتخابی عمل پرامن رہا۔ انتخابی عملے کے تین ارکان کو مبینہ دھاندلی کے الزامات پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا، گوپال گنج میں پیٹرول حملے میں تین افراد زخمی ہوئے۔ بنگلادیشی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ڈیٹا کے مطابق دن دو بجے تک ٹرن آوٹ 47.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

حتمی ٹرن آوٹ اس سے کہیں زیادہ ہوسکتا ہے۔ بنگلا دیش بھر میں بارہ کروڑ ستر لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔ بنگلا دیشی ووٹرز نے عام انتخابات کے ساتھ ہی جولائی نیشنل چارٹر کی توثیق کیلئے ریفرنڈم میں بھی حصہ لیا۔ انتخابی نتائج کے ساتھ ریفرنڈم پر عوام کی رائے بھی سامنے آئے گی۔