بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پکرٹ سوا تین سال سے سربراہ سے محروم، اربوں کی سولر پینل مشینری بند

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) سولر پینل کی ملکی ضرورت پوری کرنے والا وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا اہم ادارہ پاکستان کونسل آف رینیوایبل انرجی ٹیکنالوجی (پکرٹ) پچھلے سوا تین سال سے بغیر ریگولر سربراہ کے چل رہا ہے ، اس کے باعث ادارے کی کارکردگی بری طرح سے متاثر ہو رہی ہے ،

چند سال قبل اس ادارے میں سولر سیل اور سولر پینل بنانے والی مشینیں پوری طرح سے حرکت میں نظر آتی تھیں مگر آج ادارے میں ہر طرف خاموشی ہے، مشینیں بند پڑی ہیں ذرائع کے مطابق یہ مشینیں پڑے پڑے خراب ہو رہی ہیں ، ادارے کی بڑی تعداد میں گاڑیوں کامبینہ طور پر غلط استعمال ہو رہا ہے ،بعض گاڑیاں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے حکام کے پاس ہیں یا پھر ادارے کا استحقاق نہ رکھنے والے افسران 23سو سی سی کی گاڑیاں بمعہ پٹرول استعمال کر رہے ہیں ، وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر جی ایم میمن کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے ، ادارے کےملازمین جائز ناجائز اپنی ترقیوں کی دوڑ میں لگے رہتے ہیں اور ادارہ صرف تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے رہ گیاہے ،ملازمین کا جب جی چاہے دفتر آئے اور چلے گئے ،ادارے میں چوریوں کے واقعات بھی بڑھنے لگے ہیں ،

ادارے میں لگی اربوں روپے کی سولر سیل اور سولر پینلزبنانے والی مشینری عدم توجہ اور نہ چلنے کے باعث خراب ہو رہی ہے ، حکومت ضروری ٹیکنیکل عملہ اور میٹریل فراہم کر ے توادارہ اچھی کوالٹی کے سولر پینل تیار کر کے دے سکتا ہے،مارچ 2019ء میں ڈاکٹر باقر رضا کا تین سال کا کنٹریکٹ ختم ہوا تھاجس کے بعد سے ریگولر ڈائریکٹر جنرل پکرٹ نہیں لگایا جاسکا ہے، پکرٹ کے ڈائریکٹر ایڈمن کا کہنا تھا کہ مشینری کی اپ گریڈیشن کا بیس دفعہ پی سی ون بھیجا جو منظور نہیں ہو سکا،اربوں روپے کی مشینری کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے، ادارے کو اٹانومس دی جائے ، چینی کمپنی سے ہمارا ایم او یو ہو چکا ہے اس سے مشینری کی سولر سیل اور پینل بنانے کی صلاحیت بڑھ جائیگی۔اس حوالے سے وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر غلام محمد میمن سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ تمام قانونی تقاضوں کو دیکھتے ہوئے ادارے کے سربراہ کی جلد تعیناتی کیلئے کوشش کی جائیگی ، ادارے میں پائی جانے والی مبینہ بے قاعدگیوں پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی اہم ادارہ ہے اس کی بحالی کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔