وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کی شہادت پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے اور پانچ حملہ آوروں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں دہشت گردی کی کوشش اس بات کا ثبوت ہے کہ ایسے عناصر کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے بروقت کارروائی کرکے شہر کو بڑے نقصان سے بچایا اور ایک ممکنہ سانحہ ٹال دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم کی شدید مذمت اور خراجِ تحسین








