بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

رمضان میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری: پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کو طلب کرلیا

پشاور ہائیکورٹ نے ماہ رمضان المبارک کے دوران ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف دائر رٹ پٹیشن پر صوبائی حکومت سمیت دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
درخواست میں متعلقہ حکام سے استدعا کی گئی کہ رمضان کے مہینے میں ذخیرہ اندوزی اور خودساختہ مہنگائی کو روکنے کے اقدامات کیے جائیں۔ جسٹس اعجاز انور کی سربراہی میں بنچ نے محمد حمدان ایڈوکیٹ کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کی، جس میں چیف سیکرٹری، محکمہ فوڈ حکام، اور کمشنر پشاور کو بھی فریق بنایا گیا۔
درخواست کے مطابق رمضان میں ذخیرہ اندوز اور منافع خور سرگرم ہوجاتے ہیں، جس کے باعث آٹا، پھل اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں، اور اس کا سب سے زیادہ اثر غریب و کم آمدن والے افراد پر پڑتا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور فوڈ حکام کو واضح احکامات جاری کیے جائیں تاکہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کو روکنے کے اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔
ساتھ ہی، وکیل درخواست گزار نے یہ بھی کہا کہ رمضان میں غریب اور متوسط طبقے کو ایمرجنسی بنیادوں پر معاونت فراہم کرنے کے لیے حکومتی اور متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کے احکامات دیے جائیں۔
عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیا ہے تاکہ وہ عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش کریں۔