بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

علی خورشیدی: قوم پرست جماعت اور پیپلز پارٹی کا رویہ ایک جیسا ہے

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا ہے کہ قوم پرست جماعت اور پیپلز پارٹی کا رویہ ایک جیسا ہے۔
سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کے دوران علی خورشیدی نے کہا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا معاملہ آئین میں طے شدہ ہے اور اس پر بات چیت ہو سکتی ہے، لیکن اس پر کسی کو غدار قرار دینا درست نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ اسمبلی میں جو رویہ قوم پرست جماعت اور پیپلز پارٹی نے اپنایا، وہ ایک جیسا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ صوبے میں موجود سندھ حکومت صرف بانسری بجا رہی ہے، جبکہ گورنر نے کراچی کے مستقبل پر بات کی تو اس میں کچھ غلط نہیں۔ سینئر وزیر نے ایوان میں تعصب پر مبنی باتیں کیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ گورنر ہاؤس میں کراچی کی بات کا مطلب دراصل سندھ کے مستقبل سے متعلق ہے۔
علی خورشیدی نے کہا کہ بدترین حکمرانی کے باعث کراچی ایک مشکل صورت حال میں ہے، اور ہر کسی کو شہر کی فکر کرنی چاہیے۔ ایم کیو ایم کی طرف سے شہر کے مستقبل پر تشویش ظاہر کی گئی، لیکن پیپلز پارٹی گل پلازا کے معاملے پر اپنا غصہ نکال رہی ہے، اور جھوٹ پر اللہ کی لعنت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے گورنروں کے حوالے سے غیر ضروری تنقید ہوتی ہے۔ پنجاب میں گورنر ہاؤس پر جئے بھٹو کے نعرے لگے، لیکن سندھ میں جئے متحدہ کے نعرے نہیں لگے۔ کے پی کے میں پیپلز پارٹی کے نعرے لگتے رہے، لیکن سندھ کے عوام کی امید بننے والے گورنر کے خلاف ردعمل سامنے آیا۔
علی خورشیدی نے پیپلز پارٹی پر زور دیا کہ اسے وسیع النظر رویہ اپنانا چاہیے اور اپنی قومی جماعت ہونے کی حیثیت کا ثبوت دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو کام گورنر ہاؤس کراچی میں ہوا، وہ گزشتہ 75 سال میں نہیں ہوا۔