بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی: مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 4 ملزمان زخمی گرفتار، ایک فرار

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلوں کے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں چار ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جبکہ ایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ملیر اور سکھن کے علاقوں میں علیحدہ علیحدہ کارروائیاں کی گئیں۔ مقابلوں کے بعد گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ سکھن پولیس نے زخمی ملزم کو فوری طور پر جناح اسپتال کراچی منتقل کیا، جہاں اس کی شناخت سلطان حسین کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب عزیزآباد پولیس نے کراچی اکیڈمی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ دونوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت بابر علی اور شریف کے نام سے کی گئی ہے۔
ادھر اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے اورنگی ٹاؤن کے علاقوں رئیس امروہوی اور یعقوب آباد میں مبینہ بھتہ خور گینگ کے خلاف کارروائی کی۔ مقابلے کے بعد زخمی ملزم تنزیل انصاری کو گرفتار کر لیا گیا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔