بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

والدہ کی شادی کا رنج، سوتیلے والد کے قتل میں ملوث دونوں بھائی گرفتار

راولپنڈی میں ایک افسوسناک واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا، جہاں تھانہ کینٹ پولیس نے ایک ماہ قبل اپنے سوتیلے والد کو قتل کرنے والے دونوں بھائیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق ملزمان کو اپنی والدہ کی دوسری شادی پر شدید رنج تھا۔ اسی ناراضی کے نتیجے میں انہوں نے مبینہ طور پر اپنے سوتیلے والد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور واردات کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنیکل ذرائع اور ہیومن انٹیلیجنس کا سہارا لیا گیا۔ مسلسل کوششوں کے بعد دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
اس حوالے سے سٹی پولیس آفیسر سردار بابر ممتاز خان نے کہا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور انہیں مکمل چالان کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ خاندانی تنازع کا افسوسناک انجام ہے، تاہم قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور جرم میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔