جدہ( امیر محمد خان) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے جدہ کے قصر السلام میں امریکی صدر جو بائیڈن نے ملاقات کی۔ خادم حرمین شریفین نے امریکی صدر اور ان کے ہمراہ وفد کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہا۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ،وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان اور امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن اور قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور امریکہ کے تاریخی تعلقات اور مختلف شعبوں میں دوست عوام اور دونوں ملکوں کے مفادات کی تکمیل میں معاون طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
قبل ازیں امریکی صدر جو بائیڈن اسرائیل اور فلسطین میں دو دن گزارنے کے بعد اپنے دورۂ مشرق وسطیٰ کے آخری مرحلے میں جمعہ کی شام سعودی عرب کے شہرجدہ پہنچےجہاں رائل ٹرمینل پران کا استقبال گورنر مکہ ریجن شہزادہ خالد الفیصل نے کیا۔اس موقع پر امریکہ میں تعینات سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بھی مہمان صدر کا خیرمقدم کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھیں۔
بعد ازاں امریکی صدر کو جدہ کے قصرالسلام میں لے جایا گیا جہاں ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ان کا استقبال کیا۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ،جو نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع بھی ہیں،سے جوبائیڈن کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے پہلوؤں اور علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ولی عہد اور بائیڈن نے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان ایک بڑی میٹنگ کی سربراہی کی۔
واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر جو بائیڈن کو مملکت کے دورے کی دعوت دی تھی۔
جوبائیڈن سعودی عرب پہنچ گئے،شاہ سلمان،ولی عہد سے ملاقاتیں،دوطرفہ تعلقات وتعاون پر تبادلہ خیال








