سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم اپنی احسان فراموشی پر مجبور ہے، اور اس بار بھی ناکامی ان کا مقدر بنے گی۔ ان کے مطابق پاکستان ایسے سبق سکھائے گا کہ آئندہ کوئی بھی میلی آنکھ سے ملک کو نہ دیکھ سکے۔
شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے ہر بار دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور جارحیت کا آغاز نہیں کرتا، مگر اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے افغان عوام اور پناہ گزینوں کے لیے ہمیشہ تعاون اور برادرانہ تعلقات کو ترجیح دی، لیکن افغان طالبان رجیم نے اس اعتماد اور احسان کو نظر انداز کیا اور جارحانہ اقدامات کیے۔
سینیئر وزیر نے واضح کیا کہ افغانستان میں طالبان رجیم بھارت کی پراکسی کے طور پر سرگرم ہے، اور بھارت براہِ راست تصادم سے گریز کرتے ہوئے طالبان کے ذریعے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان نے مسائل کو مذاکرات اور ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی، لیکن جارحیت کرنے والوں کے خلاف فوری اور مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔ افغان طالبان کی کارروائیاں نہ تو پاکستان کی قومی سلامتی کو کمزور کر سکتیں ہیں اور نہ ہی عوام کی حفاظت میں خلل ڈال سکتیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، اور ہر دشمن کے ناپاک عزائم کا سیاسی اور سفارتی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ افواجِ پاکستان کی قربانیوں کے ذریعے ملک کی حفاظت جاری رہے گی۔
پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیا جائے گا، شرجیل میمن کا مؤقف








