بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی ایئرپورٹ اور اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، مسافروں کو وقت سے پہلے پہنچنے کی ہدایت

کراچی ایئرپورٹ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رینجرز، پولیس اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے اضافی اہلکار ایئرپورٹ کی حدود اور اطراف کی سڑکوں پر تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز اور پی آئی اے و سول ایوی ایشن اتھارٹی کے دفاتر کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن کالونی میں صرف ملازمین اور رہائشیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ غیر متعلقہ افراد اور گاڑیوں کا داخلہ محدود کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی آئی اے ٹاؤن شپ کی سڑک سے ایئرپورٹ، پی آئی اے ہیڈ آفس اور ہیڈکوارٹرز کی جانب آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی پرواز کے لیے معمول سے پہلے ایئرپورٹ پہنچیں، کیونکہ سخت چیکنگ کے باعث راستے میں اضافی وقت لگ سکتا ہے۔
حکام کے مطابق ایئرپورٹ پر صرف ٹکٹ یافتہ مسافروں کو داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ بلا ضرورت آنے والے افراد کو ایئرپورٹ کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔