امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری کارروائیوں میں مزید شدت لائی جا سکتی ہے اور آج ایران کو بہت سختی سے نشانہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں لکھا کہ ایران کے خلاف کارروائیاں مزید بڑھائی جا سکتی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایران کے “خراب رویے” کے باعث اب ایسے علاقوں اور گروہوں کو بھی ہدف بنانے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے جنہیں اس سے پہلے نشانہ بنانے پر غور نہیں کیا گیا تھا۔
اپنے بیان میں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی حالیہ تقریر کا بھی حوالہ دیا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کے پڑوسی ممالک کے سامنے معذرت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایران ان پر مزید حملے نہیں کرے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے یہ مؤقف اس وقت سامنے آیا جب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مسلسل حملے جاری ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران اب “مشرقِ وسطیٰ کا غنڈہ” نہیں رہا بلکہ “مشرقِ وسطیٰ کا ہارنے والا” بن چکا ہے اور ان کے بقول یہ صورتحال اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ایران ہتھیار نہیں ڈال دیتا یا مکمل طور پر تباہ نہیں ہو جاتا۔
آج ایران کو سخت نشانہ بنایا جائے گا، ڈونلڈ ٹرمپ








