اسرائیلی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران میں رات گئے کیے گئے حملوں میں ایران کی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے 16 لڑاکا طیارے تباہ کر دیے گئے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ حملوں کی ایک وسیع لہر میں تہران کے مختلف مقامات، بشمول مہرآباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ یہ ایئرپورٹ قدس فورس کے لیے مشرقِ وسطیٰ میں اپنے اتحادی گروپوں کو اسلحہ اور مالی امداد پہنچانے کا مرکز تھا۔
ترجمان نے کہا کہ تباہ شدہ طیارے قدس فورس کے زیر استعمال تھے، جو ایران کی خصوصی فورس ہے اور سرحد سے باہر کارروائیاں انجام دیتی ہے۔ اس ایئرپورٹ سے مبینہ طور پر اسلحہ اور رقوم لبنان کی تنظیم حزب اللہ سمیت دیگر گروپوں تک پہنچائی جا رہی تھیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق، مہرآباد ایئرپورٹ پر حملوں میں طیاروں کے علاوہ دیگر فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
اب تک ایران کی طرف سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
تہران ایئرپورٹ پر حملے میں قدس فورس کے 16 طیارے تباہ، اسرائیل کا دعویٰ








