ارجنٹینا کے لیجنڈ ڈیاگو میراڈونا (Diego Maradona)کی موت کے کیس کی دوبارہ سماعت کا فیصلہ کرلیا گیا۔
عالمی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق فٹبال کے عظیم کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کی موت سے متعلق کیس کی دوبارہ سماعت منگل سے شروع ہو رہی ہے۔
60 سالہ میراڈونا 25 نومبر 2020 کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے، تاہم ان کی موت کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔
اس سے قبل مئی 2025 میں شروع ہونے والا ٹرائل اس وقت منسوخ کر دیا گیا تھا جب ایک جج پر عدالت میں غیر مجاز فلم بندی کی اجازت دینے کا الزام سامنے آیا۔
نئے ٹرائل میں میراڈونا کی میڈیکل ٹیم کے سات افراد پر ارادتاً غفلت برتنے کے تحت قتل (ہومیسائیڈ) کا مقدمہ چلایا جا رہا ہے تاہم تمام ملزمان نے الزامات کی تردید کی ہے۔
مزیدپڑھیں:قلندرز اور گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں کی کینسر سے متاثر بچوں سے ملاقات
استغاثہ کے مطابق ملزمان کو میراڈونا کی نازک صحت کا علم تھا، لیکن انہوں نے مناسب طبی اقدامات نہیں کیے۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ دل کی خرابی کے باعث ان کے پھیپھڑوں میں پانی بھر گیا تھا۔
ماہرین کے پینل نے علاج کو لاپرواہ اور ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاتیں تو ان کے بچنے کے امکانات زیادہ تھے۔
اس مقدمے میں تقریباً 100 گواہان پیش ہوں گے جبکہ سماعت جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔









