پاکستان سپر لیگ (PSL) کا اہم میچ آج دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور راولپنڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں اپنی اپنی بقا اور ساکھ کی جنگ لڑتی نظر آئیں گی۔
گزشتہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کے بعد لاہور قلندرز آج اپنے ساتویں میچ میں ناکامی کا داغ دھونے اور ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔
دوسری جانب راولپنڈیز کی ٹیم اب تک ایونٹ میں مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرتی رہی ہے اور فائنل فور کی دوڑ سے تقریباً باہر ہو چکی ہے۔ اس کے باوجود ٹیم آج پہلی فتح کی امید کے ساتھ بھرپور مقابلہ کرے گی۔
مزید پڑھیں:انگلینڈ کرکٹ کا کھلاڑیوں کی اہلیت کے قوانین میں تبدیلی پر غور
لاہور قلندرز نے اب تک چھ میچز میں دو فتوحات حاصل کی ہیں اور صرف چار پوائنٹس سمیٹ سکی ہے، اس لیے آج کا میچ اس کے لیے نہایت اہم حیثیت رکھتا ہے۔
بیٹنگ میں لاہور قلندرز کی امیدیں ایک بار پھر فخر زمان، عبداللہ شفیق، حسیب اللہ خان اور اسامہ میر سے وابستہ ہوں گی، جبکہ بولنگ میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، مستفیض الرحمان، عبید شاہ، اسامہ میر اور سکندر رضا کلیدی کردار ادا کریں گے۔
دوسری طرف راولپنڈیز کی نظریں کپتان محمد رضوان، ڈیرل مچل، عبداللہ فضل اور سیم بلنگز پر مرکوز ہوں گی، جبکہ بولنگ میں محمد عامر اور مبصر خان سے بہتر کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔









