بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لیپ ٹاپ سکیم،طلباء کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور روشن پاکستان کی کڑی ہے،انجینئر امیر مقام

پشاور:وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام(amir moqam) نے کہا ہے کہ پاکستان امن، مذاکرات اور استحکام کی ایک مضبوط آواز بن کر ابھر رہا ہے۔

پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار، متوازن اور امن پسند ریاست کے طور پر اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے، قومیں نوجوانوں کی محنت، وژن اور کردار سے بنتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز پشاور میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز پشاور میں آپ سب کے درمیان موجود ہونا میرے لیے انتہائی باعثِ اعزاز ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور میں اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ایک نمایاں اور قابلِ فخر ادارہ ہے جو معیاری تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب محض ایک رسمی تقریب نہیں بلکہ نوجوان نسل کو بااختیار بنانے، انہیں جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے اور پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی ایک عملی کوشش ہے۔ میں سب سے پہلے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

ان کا وژن ایک ایسا پاکستان ہے جو علم، تحقیق، ڈیجیٹل ترقی اور معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہو۔ آج یہ لیپ ٹاپ پروگرام اسی وژن کا تسلسل ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں وفاقی حکومت کی سنجیدہ اور مسلسل کاوشوں کو بھی سراہتا ہوں جو مشکل حالات کے باوجود ملک کو استحکام، ترقی اور خوشحالی کی سمت لے جانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

نوجوانوں کی تعلیم، ہنر مندی اور روزگار کےلیے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہ ایک روشن مستقبل کی نوید ہیں۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ دنیا ایک نازک دور سے گزر رہی ہے۔ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی، خصوصاً امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع، خطے کے امن کےلیے ایک سنجیدہ چیلنج ہے۔

مئی 1998 میں بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے بعد شدید عالمی دباو کے باوجود میاں محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کئے اور ملک کی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایامئی 2025 میں پاک فوج اور پاکستانی قوم نے ملکر بھارت کی طاقت کو حاک میں ملادیا-انجینئر امیر مقام نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے اپنے سے کئی گناہ بڑے فوجی طاقت کو عبرت کا نشان بنایا ہماری فوج اور قوم میں شہادت اور اپنے ملک سے محبت کا بے پناہ جذبہ موجود ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت ہماری فوج اور قوم کو شکست نہیں دے سکتا-

انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کےلیے انتہائی اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ پوری دنیا میں پاکستان کے گرین پاسپورٹ کی عزت ومقام بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی افواجِ پاکستان کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہے اور ترقی کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔

مزید پڑھیں:امریکی بحریہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی ہر کشتی تباہ کردے، ٹرمپ

میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کی خدمات کو بھی سراہتا ہوں جنہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیم اور ہنر کے مواقع فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔