حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل (Petrol and diesel)کی قیمت میں بڑے اضافے کے بعد ایک پیٹرولیم پروڈکٹ کی قیمت میں کمی کردی۔
اوگرا نے نئی قیمت کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، اوگرا کی جانب سے جاری جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کاتیل 63روپے60پیسےفی لیٹرسستا کردیاگیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 365روپے21 پیسے فی لیٹر ہوگئی، گزشتہ ہفتے بھی مٹی کے تیل کی قیمت میں 21روپے34پیسے فی لیٹر کمی کی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک دفعہ پھر بڑا اضافہ کردیا اور پیٹرولیم مصنوعات فی لیٹر 26 روپے 77 پیسے مہنگی ہوگئیں۔
پیٹرولیم ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے اگلے 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کیا۔
مزیدپڑھیں:لاہور: زہریلا شوارما کھانے سے 6 سالہ بچی جاں بحق، والدہ اور بھائی کی حالت تشویشناک
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 26 روپے 77 پیسے اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 380 روپے 19 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
اسی طرح پیٹرول بھی 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا گیا ہے اور پیٹرول کی نئی قمیت فی لیٹر 393روپے 33 پیسے ہوگئی ہے۔
حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 25 اپریل سے ایک ہفتے کے لیے ہوگا۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے بتایا کہ علاقائی کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ ہو رہا ہے، تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے دباؤ اور عالمی شراکت داروں سے معاہدوں کی وجہ سے حکومت کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ منتقل کرنے کے لیے اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات کے پیش نظر آئندہ ہفتے کے لیے ڈیزل کی قمیت میں 26.77 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 26.77 روپے کا اضافہ کیا جارہا ہے، جس قدر ممکن ہوا، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کو برداشت کیا۔
وزیرِ پیٹرولیم نے بتایا کہ وفاقی حکومت سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے عوام کو تاریخی ریلیف پیکیج دیا، دعاگو ہیں کہ جلد علاقائی امن کے حصول میں پیش رفت ہو اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول پر عائد پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں بڑا اضافہ کیا جس کی وجہ سے پیٹرول مزید مہنگا کیا گیا ہے البتہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی شرح صفر ہی برقرار رکھی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پرعائد پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ پیٹرول پر عائد ڈیولپمنٹ لیوی 80.61 روپے سے بڑھا کر 107.38روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی شرح صفر برقرار رکھی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ایچ او بی سی پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی 305.37 روپے، مٹی کے تیل پر 20.36 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 15.84 اور فرنس آئل پر 77روپے فی لیٹر ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ اگر پیٹرول پر لیوی نہیں بڑھائی جاتی تو پیٹرول کی بھی سابق قیمت برقرار رکھی جاسکتی تھی۔









