وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف(Shahbaz Sharif) نے ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے خلاف پیپرا قواعد کی مبینہ خلاف ورزی کی شکایت کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کمپنی کی جانب سے ٹینڈرز کے عمل میں پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات کی فوری اور جامع تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل پاکستان کی طرف سے موصول ہونے والی شکایت پر مکمل شفافیت کے ساتھ انکوائری کی جائے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات کے دوران شکایت درست ثابت ہوتی ہے تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اداروں میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:لاہور؛ ورکشاپ میں آتشزدگی، بسیں بھی لپیٹ میں آگئیں
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی وسائل کے استعمال میں شفافیت برقرار رکھنا ناگزیر ہے اور تمام سرکاری اداروں کو قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی یقینی بنانا ہوگی۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تحقیقات کا عمل مقررہ وقت کے اندر مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ضروری اقدامات بروقت اٹھائے جا سکیں۔









