بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

معرکہ حق میں قومی اتحاد اور عسکری کامیابی کی یادگار، بھارت کو بروقت اور مؤثر جواب دیا گیا، عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ(Ata Tarar) نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان نے نہ صرف عسکری محاذ پر کامیابی حاصل کی بلکہ سفارتی اور بیانیہ کی سطح پر بھی مؤثر انداز میں اپنا موقف منوایا، جبکہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔

پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت ان کے لیے باعث اعزاز ہے اور ان کا پریس ایسوسی ایشن سے دیرینہ تعلق ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ گزشتہ برس معرکہ حق کے دوران قومی اسمبلی میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ قوم سیاسی تقسیم سے بالاتر ہو کر دشمن کے مقابل کھڑی ہے، اور کامیابی ہمیشہ اتحاد و اتفاق سے ہی حاصل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بیانیہ، سفارتی اور عسکری محاذ پر منفرد کامیابی عطا کی، جبکہ بھارت کے بڑے دعوے چند گھنٹوں میں بے بنیاد ثابت ہو گئے اور اس کا غرور خاک میں مل گیا۔

وفاقی وزیر کے مطابق پاک فضائیہ اور ایئر ڈیفنس سسٹم نے شاندار کارکردگی دکھائی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جبکہ دشمن کو چار گھنٹوں میں ہی پسپائی اختیار کرنا پڑی اور سیز فائر کے لیے خود رابطہ کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں وزیراعظم شہباز شریف کے وژن اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کلیدی حیثیت رکھتی ہے، جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک بحریہ کی تیاری بھی قابل تحسین رہی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران بیانیہ کی جنگ میں پاکستانی میڈیا، صحافیوں، سوشل میڈیا صارفین اور نوجوانوں نے بھرپور کردار ادا کیا، اور دنیا نے پاکستان کے ذمہ دار اور بالغ نظر میڈیا کو سراہا۔

مزیدپڑھیں:معرکہ حق میں پاک فوج کا پیشہ ورانہ اور بھرپور جواب، بھارتی ڈرونزسے دراندازی کی ناکام کوشش پر ڈاکومنٹری ریلیز

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بے بنیاد دعوے کیے گئے، تاہم حقیقت سامنے آنے پر وہ عالمی سطح پر بے نقاب ہوا، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی لیکن کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ بھارت خود دہشت گردی کے حوالے سے دوہرے معیار کا مظاہرہ کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جسے بھارت داخلی معاملہ قرار دینے کی کوشش کرتا ہے، تاہم حقیقت دنیا کے سامنے واضح ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں افواج پاکستان مکمل طور پر تیار اور مستعد رہیں۔

تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔