بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جاپان میں مسلمانوں کیلئے آسانی سے نصب ہونے والا نمازکا کمرہ متعارف

جاپان (japan)میں مسلم سیاحوں اور ملازمین کی سہولت کیلئےاو ایم کیکی کمپنی نے ایک منفرد اور مختصر عبادت گاہ متعارف کرا دی ہے، جسے آسانی سے مختلف مقامات پر نصب کیا جا سکتا ہے۔

جاپان کے صوبے اوکایاما کے شہر سوجا میں قائم کمپنی کی جانب سے تیار کردہ اس خصوصی عبادت گاہ کو “پریئر اسپیس” کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا خیال کمپنی کے ایک ملازم کو اُس وقت آیا جب وہ اپنے ملائیشین مسلم دوست کے ساتھ اوکایاما کے مختلف علاقوں کی سیر پر گئے۔ دورانِ سفر ان کے دوست کو نماز ادا کرنے کیلئے مناسب جگہ تلاش کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد کمپنی نے مسلم افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ منصوبہ شروع کیا۔

کمپنی نے دسمبر سے اس پروڈکٹ کی فروخت شروع کر دی ہے۔ لکڑی سے تیار کردہ اس چھوٹے عبادتی کمرے کی اونچائی تقریباً 180 سینٹی میٹر جبکہ فرش کا رقبہ 150 سینٹی میٹر مربع رکھا گیا ہے تاکہ ایک فرد آرام سے عبادت ادا کر سکے۔

نماز سے قبل وضو کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے فرش پر خصوصی واٹر پروف اور آسانی سے صاف ہونے والی چٹائی نصب کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چھت پر قبلہ نما نشان بھی لگایا گیا ہے، جسے گھما کر مکہ مکرمہ کی درست سمت متعین کی جا سکتی ہے۔

مزیدپڑھیں:ایچ ای سی کا جعلی و غیر مجاز کمپنیز کے ہزاروں طلبہ کی اسناد کی دوبارہ جانچ کا فیصلہ

کمپنی کے مطابق جاپان آنے والے مسلم سیاحوں پر کیے گئے ایک سروے میں عبادت گاہ کی دستیابی کو اہم مسئلہ قرار دیا گیا۔ سروے میں شامل 107 افراد میں سے 72 فیصد مردوں اور 79 فیصد خواتین نے کہا کہ وہ سفر کے دوران ایسی جگہوں کو ترجیح دیتے ہیں جہاں نماز کی سہولت موجود ہو۔

پروجیکٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ نماز کی جگہ کی دستیابی سیاحوں کیلئے سفر کے انتخاب میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ جاپان کے مختلف علاقوں میں ایسی سہولیات بڑھائی جائیں تاکہ مسلم سیاح اور کارکنان بغیر دشواری اپنی عبادات انجام دے سکیں اور مقامی سطح پر زیادہ دوستانہ ماحول قائم ہو۔