بلوچستان حکومت(Balochistan Government) نے کاروباری سرگرمیوں سے متعلق عائد پابندیوں میں بڑی نرمی کرتے ہوئے یکم جون تک لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں دکانیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور دیگر کاروباری مراکز اب معمول کے مطابق کھلے رہ سکیں گے، جبکہ رات 8 بجے تک کاروبار بند کرنے کی سابقہ پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ معاشی سرگرمیوں کو بحال رکھنے اور کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ تاہم واضح کیا گیا ہے کہ بعض دیگر انتظامی اور حفاظتی اداروں سے متعلق پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی اور ان پر پہلے سے جاری ہدایات ہی نافذ العمل رہیں گی۔
مزیدپڑھیں:آندھرا پردیش حکومت کا آبادی بڑھانے کیلئے مالی ترغیب دینے کا اعلان
ادھر صوبائی حکومت کے اس اقدام کو ملکی سطح پر جاری پالیسیوں کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے قبل پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں بھی کاروباری اوقات میں نرمی اور مختلف پابندیوں میں کمی کی جا چکی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں بتدریج معاشی سرگرمیوں کو معمول پر لانے کی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ کاروباری طبقے کو ریلیف دیا جا سکے اور روزمرہ تجارتی سرگرمیوں میں بہتری آئے۔









