تیونس اور ترکیہ میں ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کی تصدیق کے بعد دونوں ممالک نے عید الاضحیٰ کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق پیر 18 مئی کو یکم ذوالحجہ جبکہ بدھ 27 مئی کو عید الاضحیٰ(Eid Ul Adha) منائی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تیونس اس سال ذوالحجہ کے آغاز کا اعلان کرنے والا پہلا اسلامی ملک بن گیا ہے۔ وہاں ہفتہ 16 مئی کو ذوالقعدہ کی 29 تاریخ مکمل ہونے کے بعد چاند کی رویت کی تصدیق کی گئی، جس کے بعد نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا اعلان سامنے آیا۔
دوسری جانب ترکیہ نے بھی فلکیاتی حساب کتاب کی بنیاد پر پیر 18 مئی کو یکم ذوالحجہ قرار دے دیا ہے۔ ترکیہ میں روایتی رویت ہلال کے بجائے پہلے سے مرتب کردہ اسلامی کیلنڈر پر عمل کیا جاتا ہے، جس کے تحت عیدین اور دیگر مذہبی مواقع کی تاریخیں طے کی جاتی ہیں۔
مزیدپڑھیں:سیویلا کا ریسٹورنٹ سوشی ٹورو نئی انوکھی پالیسی کے باعث خبروں میں
ادھر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان اور دیگر خلیجی و اسلامی ممالک میں آج شام ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے۔ چاند نظر آنے یا نہ آنے کے بعد ان ممالک میں بھی عید الاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ کئی خطوں میں موسم صاف ہونے کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں، جس کے بعد بیشتر اسلامی ممالک میں عید الاضحیٰ 27 مئی کو منائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔









