لاہور(ممتازنیوز) آن ٹی وی کے زیر اہتمام ڈرامہ سیریل ’’جانشین‘‘ کی پُروقار تقریب رونمائی مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام(PFPP)اور پنجاب پاپولیشن انوویشن فنڈ (PPIF) کے اہم عہدیداروں ،میڈیا، صحت، ترقیاتی شعبوں اور حکومتی شخصیات کی بڑی تعداد اور آ ن ٹی وی کے سی ای او ڈاکٹر احسن طارق بٹ نے بھیشرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد باقاعدہ کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ افتتاحی کلمات اور کلیدی خطاب ڈاکٹر یاسمین قاضی (بورڈ ممبر)PDECکاتھا، جنہوں نے اس اقدام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے معاشرتی شعور بیدار کرنے میں سوشل بیہیویئر(Behaviour) چینج کمیونیکیشن (SBC) کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ تقریب کی نمایاں خصوصیات میں ڈرامہ سیریل ’’جانشین‘‘ کے خصوصی پروموز اور اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (OST) کی پیشکش شامل تھی، جس نے شرکاء کو ایک ایسی کہانی سے روشناس کرایا

جو نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہے بلکہ ایک اہم سماجی پیغام بھی دیتی ہے۔ یہ ڈرامہ خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت جیسے حساس موضوعات پر مکالمے کو فروغ دینے کی ایک سنجیدہ کاوش ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تانیا درانی (, Provisional Lead, UNFPA) نے FP2030 اہداف کے حصول کے لیے جدید ابلاغی حکمتِ عملیوں کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ ڈاکٹر روبینہ سہیل(بورڈ ممبر) نے کہا کہ تفریحی میڈیا ذمہ دارانہ اور درست معلومات کی ترسیل میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ تقریب میں ایک جامع پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوئی جس کا موضوع تھا ’’فیملی پلاننگ اور تولیدی صحت سے متعلق مکالمے کو عام کرنے میں ماس میڈیا کا کردار‘‘ جس میں معروف معروف اداکاروں شہزاد نواز، رائمہ خان، ڈائریکٹر انجلین ملک ، منیزہ ہاشمی، عمران ارشاد اور رائٹر کامران رفیق نے شرکت کی۔
پینل ڈسکشن میں میڈم آمنہ اخشید (GM Grants PPIF) نے ماڈریٹر کا رول ادا کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح ڈرامہ اور کہانی کے ذریعے معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ اختتامی کلمات میں ماریہ طلال (رکن پنجاب اسمبلی و قائمہ کمیٹی برائے صحت و آبادی) نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے حکومت پنجاب کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی آگاہی اور فلاح و بہبود کے لیے ایسے منصوبوں کی مکمل حمایت جاری رکھی جائے گی۔
’’جانشین‘‘ پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے SBC فریم ورک کے تحت ایک اہم قدم ہے، جو ماس میڈیا کے ذریعے مثبت سماجی تبدیلی کو فروغ دینے کی ایک مؤثر کاوش ہے۔تقریب کے اختتام پر گروپ فوٹو کا اہتمام کیا گیا اور یوں یہ بامقصد ایونٹ اپنے اختتام کو پہنچا۔ جانشین کی تقریب پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام اور پنجاب پاپولیشن انوویشن فنڈ کے تعاون سے منعقد ہوئی۔










