بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیر اعظم محمد شہباز شریف چار روزہ دورہ چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو روانہ ہو گئے

وزیر اعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) اپنے چار روزہ دورہ چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو روانہ ہو گئے۔

ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیرِ اعظم ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکرٹری سے ملاقات کریں گے، سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے مابین تعاون کے فروغ کیلئے منعقدہ بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب میں شرکت کریں گے، وزیرِ اعظم کی معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں بھی ہونگی، وزیرِ اعظم چینی کمپنی علی بابا کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کریں گے اور تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

بعد ازاں وزیرِ اعظم دورہ بیجنگ کیلئے روانہ ہوں گے، بیجنگ میں وزیرِ اعظم کی چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں ہوں گی۔

مزیدپڑھیں:راولپنڈی، سیکریٹریٹ سے صدر جانے والی میٹرو بس کو سکستھ روڈ کے قریب آگ لگ گئی

وزیرِ اعظم پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت بھی کریں گے،وزیرِ اعظم معروف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے، وزیرِ اعظم چائنہ اکیڈمی آف ایگری کلچر سائنسز کا بھی دورہ کریں گے۔

وزیرِ اعظم کا دورہ چین پاکستان چین تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا جس میں بالخصوص سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستان و چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون میں اضافہ شامل ہے۔