ایئرلائنز نے حج(Hajj) کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آنے والے حجاج کرام کے لیے سامان کے وزن اور آبِ زم زم کی ترسیل سے متعلق نئی پالیسی جاری کر دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق حجاج کرام کو اپنے ذاتی سامان کے ساتھ آبِ زم زم لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق پاکستانی حجاج کرام کو 5 لیٹر آبِ زم زم وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر فراہم کیا جائے گا، جبکہ سعودی ایئرلائنز کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو آبِ زم زم کی بوتل سعودی عرب کے ایئرپورٹ پر ہی دی جائے گی۔
مزیدپڑھیں:عرب امارات کاپیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان
پالیسی کے تحت سرکاری اور نجی پاکستانی ایئرلائنز کے ذریعے سفر کرنے والے حجاج کرام 40 کلوگرام تک سامان اپنے ساتھ لا سکیں گے۔ دوسری جانب سعودی ایئرلائنز کے مسافروں کے لیے 46 کلوگرام سامان لے جانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستانی اور سعودی ایئرلائنز میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے 7 کلوگرام دستی سامان (ہینڈ کیری) لے جانے کی اجازت بدستور برقرار رہے گی۔
حج انتظامات سے متعلق حکام نے حجاج کرام کو ہدایت کی ہے کہ روانگی اور واپسی کے دوران مقررہ وزن اور سامان سے متعلق قواعد و ضوابط پر عمل کریں تاکہ سفری مراحل بغیر کسی دشواری کے مکمل ہو سکیں۔









