کراچی(نیوز ڈیسک)مون سون کا تیسرا اسپیل سندھ پر اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے اور رات سے ہی سندھ کے بیشتر شہروں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
بارش برسانے والے تیسرے سسٹم نے حیدرآباد، سانگھڑ، تھرپارکر، میرپورخاص، ہالہ، نیو سعیدآباد، ٹنڈو آدم اور شہدادپور سمیت سندھ کے متعدد شہروں میں اچھی بارش برسائی۔
دوسری جانب ملتان شہر اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش ہوئی،کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بارش سے راجن پور کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی مکانات میں داخل ہوگیا۔
موسلادھار بارش کے باعث فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، چترال میں طوفانی بارش سے فصلیں تباہ ہو گئیں۔
وادی کوئٹہ ، بولان اور نصیر آباد سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے۔
محکمہ موسمایت کی جانب سے آج سے منگل تک بلوچستان کے 15 اضلاع میں مزید تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔









