بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیرستان میں فائرنگ، قبائلی رہنما کے دو بیٹے جاں بحق

وزیرستان(Wazirstan) میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں معروف قبائلی رہنما کے دو بیٹے جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔

واقعہ وانا کے علاقے کڑیکوٹ بازار کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کر دی۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں قبائلی رہنما کے دو بیٹے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ گولیاں لگنے سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوگیا۔ زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ پولیس نے لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا۔

مزیدپڑھیں:سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی

ڈی ایس پی اصغر علی شاہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حملے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔ واقعے کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔