بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نکاح کے بعد بیوی کو اس کے طے شدہ حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا: لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ (Lahore High Court)نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نکاح نامے پر دستخط کے بعد بیوی کو اس کے طے شدہ حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

لاہور ہائیکورٹ کے ملتان بینچ کے جسٹس سلطان تنویر نے حق مہر میں دی گئی زمین کے تنازع پر خاتون کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے خاتون کی درخواست منظور کرتےہوئے ٹرائل کورٹ کا زمین کی جگہ 16 لاکھ رقم دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا اور کیس دوبارہ سماعت کےلیے واپس بھجوا دیا۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ فریقین کے درمیان 2015 میں نکاح ہوا، حق مہر دو ایکڑ زمین رکھی گئی، شوہر نے زمین کی جگہ 2015 کے ریٹ کے تحت 16 لاکھ روپے ادا کیے اور ٹرائل کورٹ نے زمین کی جگہ پیسے دینے کے فیصلے کو درست قرار دیا۔

مزیدپڑھیں:شوہر کی وفات کے بعد بیوہ کو طلاق کا سرٹیفکیٹ مل گیا

لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ اگر زمین کی جگہ رقم ادا کرنی ہے تو موجودہ مارکیٹ ویلیو کے حساب سے کی جائے، نکاح نامہ ایک سول معاہدہ ہے، اس کی شرائط فریقین کی نیت کے مطابق سمجھی جائیں، نکاح نامے کی کسی شق کی تشریح کرتے وقت فریقین کی حقیقی نیت جاننا ضروری ہے۔

ہائیکورٹ نے کہا کہ عدالتوں کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ نکاح کے وقت خاتون کو اپنے حقوق کا علم تھا یا نہیں، شوہر کسی ابہام کا فائدہ اٹھا کر بیوی کے حقوق سلب نہیں کر سکتا، ٹرائل کورٹ نے حق مہر کی شق کی درست تشریح نہیں کی۔