بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی، عباس ٹاؤن کے ایک گھر میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا

کراچی (Karachi)کے علاقے عباس ٹاؤن(Abbas Town) کے قریب بکھر گوٹھ میں واقع ایک رہائشی مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم کو فائر بریگیڈ ٹرک اور ایمبولینس کے ہمراہ جائے وقوعہ روانہ کیا گیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچتے ہی پیشہ ورانہ انداز میں آگ بجھانے کا عمل شروع کیا اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو رہائشی مکان کے دیگر حصوں اور قریبی عمارتوں تک پھیلنے سے روک دیا۔

ترجمان کے مطابق فائر فائٹرز نے کچھ دیر کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل بھی جاری رکھا گیا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشے کو ختم کیا جا سکے۔

متاثرہ گھر کے مکینوں نے ریسکیو حکام کو بتایا کہ ان کی بعض افراد سے دشمنی چل رہی ہے اور ان کے بقول آتشزدگی کا یہ واقعہ ممکنہ طور پر اسی دشمنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ تاہم واقعے کی اصل وجوہات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔

مزیدپڑھیں:گلگت بلتستان، شفاف انتخابات کے لیے کنٹرول روم قائم، 24 گھنٹے نگرانی جاری رہے گی

ریسکیو حکام کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گھر کے بیرونی حصے میں موجود مختلف سامان آگ کی لپیٹ میں آ کر جل کر خاکستر ہو گیا، جس سے مالی نقصان پہنچا ہے۔

واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ علاقے کے مکینوں نے بروقت کارروائی پر ریسکیو ٹیموں کو سراہا ہے۔