مصر کی ابھرتی ہوئی اسکواش اسٹار(Amina Urfi)نے برٹش اوپن ویمنز چیمپئن شپ جیت کر نہ صرف ایک بڑا اعزاز اپنے نام کیا بلکہ 94 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
برمنگھم میں کھیلے گئے فائنل میں 18 سالہ امینہ عرفی کا مقابلہ اپنی ہم وطن اور عالمی سطح کی نامور کھلاڑی نور الشربینی سے تھا۔ میچ کا آغاز نور الشربینی نے بہتر انداز میں کیا اور پہلا گیم جیت لیا، تاہم نوجوان کھلاڑی نے غیرمعمولی حوصلے اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل تین گیمز اپنے نام کیے اور 1-3 سے فتح حاصل کر لی۔
اس کامیابی کے ساتھ امینہ عرفی برٹش اوپن ویمنز ٹائٹل جیتنے والی کم عمر ترین کھلاڑی بن گئیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ سوسن نول کے پاس تھا، جنہوں نے 1932 میں 19 سال اور آٹھ ماہ کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
مزید پڑھیں؛شاہین آفریدی کو مستقل طور پر ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ
امینہ عرفی کی شاندار فارم کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ وہ گزشتہ ماہ ویمنز ورلڈ چیمپئن شپ بھی جیت چکی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھی انہوں نے نور الشربینی کو شکست دے کر کم عمر ترین عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
برٹش اوپن کے سیمی فائنل میں امینہ عرفی نے عالمی نمبر ایک ہانیہ الحمامی کو 110 منٹ پر مشتمل ایک سنسنی خیز اور طویل مقابلے کے بعد شکست دی، جسے ٹورنامنٹ کے یادگار ترین میچز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب مردوں کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے پال کول نے مصر کے عالمی نمبر ایک مصطفیٰ عسل کو 1-3 سے شکست دے کر اپنے کیریئر کا تیسرا برٹش اوپن ٹائٹل جیت لیا اور ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کر دی۔









