پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) میں بڑے پیمانے پر انتظامی اور ٹیم سطح پر تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹیسٹ کپتانی سمیت کوچنگ سیٹ اپ پر اہم فیصلوں کی تیاری جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہفتے کو منعقد ہونے کا امکان ہے جس میں قومی کرکٹ کے مجموعی نظام، ٹیم کی کارکردگی اور اہم عہدوں پر تبدیلیوں سے متعلق بڑے فیصلے متوقع ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کی قیادت میں تبدیلی بھی زیر غور ہے اور موجودہ کپتان شان مسعود کو ذمہ داری سے ہٹانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ان کی جگہ آل راؤنڈر سلمان علی آغا کو ٹیسٹ کپتانی دینے پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ مجوزہ اجلاس میں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ شان مسعود کو 2023 میں دورہ آسٹریلیا سے قبل پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سونپی گئی تھی۔ ان کی قیادت کا آغاز 3-0 کی شکست سے ہوا، جبکہ مجموعی طور پر وہ اب تک 16 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں جن میں سے صرف 4 میں کامیابی حاصل ہوئی اور 12 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ حالیہ دورہ بنگلہ دیش میں بھی پاکستان ٹیم کو 2-0 کی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
مزیدپڑھیں:آم کھانے کے بعد 17 سالہ لڑکی کی موت، پراسرار واقعے نے سوالات کھڑے کردیے
ذرائع کے مطابق صرف کپتانی ہی نہیں بلکہ ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ سیٹ اپ میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ سابق کپتان سرفراز احمد کے مستقبل کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، جبکہ سابق کپتان یونس خان کو ممکنہ طور پر ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داری دینے پر غور ہو رہا ہے۔
اسی طرح سابق کرکٹر محمد حفیظ کو ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کے اہم عہدے کے لیے زیر غور لایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان ممکنہ تبدیلیوں کا مقصد قومی ٹیم کے ڈھانچے کو ازسرنو مضبوط بنانا اور کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔
مزید یہ کہ سلیکشن کمیٹی میں بھی رد و بدل کا امکان ہے اور ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث بعض سلیکٹرز کو تبدیل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کرکٹ آپریشنز سمیت دیگر اہم انتظامی عہدوں پر بھی نئے چہروں کی تعیناتی پر مشاورت جاری ہے۔









