پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین(Chaudhry Shujaat Hussain) نے کہا ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ ہمیشہ کی طرح مثبت، ذمہ دار اور فیصلہ کن کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام محب وطن ہیں، چند شرپسند عناصر انہیں گمراہ نہیں کر سکتے۔ چند تخریب کار عناصر کی وجہ سے پوری قوم کو غدار قرار دینا کسی طور درست نہیں، مسائل کا حل مذاکرات، برداشت، افہام و تفہیم اور سیاسی مکالمے میں ہے۔
دریں اثنا آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے پاکستان مسلم لیگ (آزاد جموں و کشمیر) کی رجسٹریشن کی توثیق کر دی ہے۔پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل طارق حسن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ کی رجسٹریشن سیاسی سرگرمیوں میں ایک اہم اور مثبت پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ آزاد کشمیر کی سیاست میں مؤثر، متحرک اور اہم کردار ادا کرے گی اور عوامی مسائل کے حل، سیاسی استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پارٹی ترجمان و مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (آزاد جموں و کشمیر) آئندہ انتخابات میں چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں بھرپور حصہ لینے کے لیے مختلف سیاسی، سماجی اور تنظیمی حلقوں سے مشاورت کر رہی ہے۔
مصطفیٰ ملک نے بتایا کہ پارٹی رجسٹریشن کی توثیق پر شہریوں، سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور کارکنوں نے چوہدری شجاعت حسین کو مبارکباد پیش کی ہے۔ کشمیری مہاجرین نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
مصطفیٰ ملک نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی قیادت نے مسلم لیگی رہنما حافظ عقیل جلیل کو رجسٹریشن کے تمام مراحل کامیابی سے مکمل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ پارٹی قیادت کے مطابق حافظ عقیل جلیل کی انتھک محنت، لگن اور تنظیمی کاوشیں اس کامیابی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔









