لاہور کے تاریخی تعلیمی ادارے Aitchison College میں سرحدوں سے بالاتر دوستی، تعلیم اور مشترکہ ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کالج کے ممتاز سابق طالب علم اور بھارتی پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ Harcharan Singh Brar کے نام سے ایک کلاس روم منسوب کر دیا گیا۔
اس سلسلے میں کالج کے کلاس روم نمبر 108 کی نامزدگی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مرحوم رہنما کی صاحبزادی ببلی برار، کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ایس ایم تراب حسین، سینئر اساتذہ، انتظامیہ اور ایچی سن کالج اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ معروف صنعتکار Syed Babar Ali بھی آن لائن تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران ببلی برار نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی۔ تختی پر درج تحریر سید بابر علی کی جانب سے لکھی گئی تھی، جس میں اپنے دیرینہ دوست ہرچرن سنگھ برار کو محبت اور احترام کے ساتھ خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب میں بتایا گیا کہ ہرچرن سنگھ برار نے 1937 میں ایچی سن کالج میں داخلہ لیا اور 1941 میں سینئر کیمبرج جبکہ 1943 میں ہائر اسکول سرٹیفکیٹ مکمل کیا۔ دورانِ تعلیم انہوں نے کھیلوں کے میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور گھڑ سواری، ٹینس اور کرکٹ میں بہترین کارکردگی کے باعث مکمل بلیزر کا اعزاز حاصل کیا۔
بعد ازاں انہوں نے Government College Lahore میں تعلیم حاصل کی اور University of the Punjab سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔ قیامِ پاکستان کے بعد وہ بھارت منتقل ہوئے اور کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے مشرقی پنجاب کی اسمبلی کے رکن، نائب وزیر، اڈیشہ اور ہریانہ کے گورنر اور بعد ازاں بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں۔
مزیدپڑھیں:بھارتی گلوکار بادشاہ کی شادی کی تصدیق ہوگئی، اہلیہ نے تصاویر شیئر کردیں
سید بابر علی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی اور ہرچرن سنگھ برار کی دوستی 1937 میں ایچی سن کالج سے شروع ہوئی تھی اور 2009 میں برار کی وفات تک برقرار رہی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نہ صرف ان کے قریبی دوست تھے بلکہ ان کے خاندان کے ساتھ بھی گہرے تعلقات رکھتے تھے اور لاہور کے دوروں کے دوران ہمیشہ ان کا پرتپاک استقبال کیا جاتا تھا۔
ایچی سن کالج کے اعزازی ایلچی ڈاکٹر ترونجیت سنگھ بٹالیا نے کہا کہ یہ کلاس روم دو ایسی شخصیات کی لازوال دوستی کی علامت ہے جو تقسیمِ ہند، سیاسی سرحدوں، وقت اور پیشہ ورانہ مصروفیات سے بالاتر رہی۔ ان کے مطابق یہ دوستی جنوبی ایشیا کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
تقریب کے دوران کلاس روم نمبر 108 کے باہر یادگاری تختی نصب کی گئی جبکہ کالج کے اندر ہرچرن سنگھ برار کی تصویر بھی آویزاں کی گئی تاکہ طلبہ اس تاریخی تعلق اور دوستی سے آگاہ رہ سکیں۔
تقریب میں یہ بھی یاد دلایا گیا کہ ہرچرن سنگھ برار نے 1989 میں لاہور کے دورے کے دوران ایچی سن کالج میں ایک لائبریری کا افتتاح کیا تھا جسے انہوں نے اپنے دوست سید بابر علی کے نام سے منسوب کیا تھا، جبکہ آج ایچی سن کالج نے ان کے نام سے کلاس روم وقف کر کے اس دوستی کو ایک نئی علامتی حیثیت دے دی ہے۔









