لاہور میں رنگ روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے جرمانوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا۔ پیدل سڑک عبور کرنے والوں کو بھی جرمانہ دینا پڑے گا۔
رنگ روڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق بغیر لائسنس ڈرائیونگ، اوور اسپیڈنگ، غلط اوورٹیکنگ، اوورلوڈنگ اور دیگر خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے، جبکہ کم عمر ڈرائیورز کے لیے بھی 10 ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر جرمانہ 500 روپے سے بڑھا کر 5 ہزار روپے، غلط اوورٹیکنگ پر 5 ہزار روپے جبکہ 2 ہزار سی سی سے زیادہ انجن کی حامل گاڑیوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔
اس کے علاوہ غلط لین استعمال کرنے پر 2 ہزار روپے اور ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے داخل ہونے پر 5 ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح دھواں چھوڑنے والی کار پر 4 ہزار روپے اور کمرشل گاڑی پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہو گا۔
اتھارٹی کے مطابق اوورلوڈنگ پر جرمانہ 2 ہزار سے بڑھا کر 7 ہزار روپے، غلط پارکنگ پر ایک ہزار سے بڑھا کر 2 ہزار ، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ 500 روپے سے بڑھا کر 3 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اوور اسپیڈنگ پر 2 ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کو 5 ہزار روپے، جبکہ اس سے زیادہ انجن کی حامل گاڑیوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ بلیک پیپر استعمال کرنے اور بغیر نمبر پلیٹ یا غیر معیاری نمبر پلیٹ والی گاڑی چلانے پر بھی 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق رنگ روڈ پر موٹر سائیکل لانے پر 5 ہزار روپے، سڑک پیدل عبور کرنے پر ایک ہزار روپے اور رنگ روڈ پر جانور لانے کی صورت میں مالک کو 5 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔
مزید پڑھیں:اسرائیل میں عام انتخابات کیلئے ووٹنگ شروع، نیتن یاہو کا دھاندلی کا الزام
اتھارٹی نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور شاہراہمحطاط سفر کو یقینی بنانے کے لیے جرمانوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔









