وزیراعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) کو آج سہ پہر ریاستِ قطر کے وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ عزت مآب شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی کا ٹیلیفون موصول ہوا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ریاستِ قطر کے امیر، عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، اور قطر کے برادر عوامِ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ قطری وزیرِاعظم نے بھی ان جذبات کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے جوابی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے خلیجی بحران کے دوران امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت پر قطر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ متعلقہ فریقین کے مابین امن معاہدہ بہت جلد دستخط کے لیے تیار ہوگا۔
مزیدپڑھیں:کراچی کے تاجروں نے ایک فیصد ٹرن اوور ٹیکس مسترد کردیا
پاکستان کی خصوصی سفارتی اور امن کوششوں کو سراہتے ہوئے قطری وزیرِاعظم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے سفارتی کاوشوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ قطر، پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر فخر محسوس کرتا ہے اور امید ظاہر کی کہ ان اقدامات کے نتیجے میں خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر ریاستِ قطر کے امیر، عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، کو پاکستان کے سرکاری دورے کی اپنی دعوت کا اعادہ بھی کیا، جس پر دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلے ہی اتفاق ہو چکا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔









