ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش(Rain) کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کراچی میں کہیں ہلکی بارش تو کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بعض میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے اوقات میں شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے زیادہ ہے، جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں بھی جزوی ابرآلود موسم اور چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب لاہور میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی اور نمی کا تناسب 70 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کراچی میں آج مطلع ابرآلود رہنے، ہلکی بارش اور بوندا باندی ہونے کا امکان ہے،شہر میں گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مزیدپڑھیں:ملک بھر کیلئے بجلی 82 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست جمع
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغرب کی سمت سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے،شہر کا فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے اور فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پارٹیکیولیٹ میٹر سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔
گزشتہ رات کراچی کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر، اسکیم 33 اور اطراف میں ہلکی بارش اور بوندا باندی بھی ریکارڈ کی گئی۔









