پاکستان کے مقبول ترین ڈراموں میں شمار ہونے والے نجی ٹی وی کے ڈرامے کبھی میں کبھی تم (kabhi main kabhi tum)کے چند مشہور مناظر مبینہ طور پر ایک بھارتی ڈرامے میں نقل کیے جانے پر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔
ڈرامے میں ہانیہ عامر، فہد مصطفیٰ، عماد عرفانی اور نعیمہ بٹ کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا تھا، جبکہ یہ ڈرامہ پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی غیر معمولی مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب رہا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ بھارتی ڈرامہ قبول ہے میں پاکستانی ڈرامے کے کئی یادگار مناظر سے مشابہت رکھنے والے سین شامل کیے گئے ہیں۔
ڈرامے کے بعض مناظر، کرداروں کے انداز اور مخصوص صورتِ حال پاکستانی ڈرامے سے کافی حد تک ملتی جلتی دکھائی دیتی ہے، خصوصی طور پر وہ منظر جس میں ہانیہ عامر خاندان کے لیے کھانا تیار کرتی ہیں اور نعیمہ بٹ اسے پیسے دینے کی کوشش کرتی ہیں۔
مزیدپڑھیں:قومی اسمبلی میں رانا تنویر حسین اور اپوزیشن آمنے سامنے، ایوان میں ہنگامہ آرائی
بھارتی ڈرامے میں اسی طرز کا منظر دکھایا گیا ہے۔
اسی طرح فہد مصطفیٰ کے کردار کی سستی اور تاخیر سے پہنچنے والی عادت سے ملتی جلتی صورتِ حال بھی بھارتی ڈرامے میں نظر آئی، جس پر نقل کا الزام لگایا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے دونوں ڈراموں کے مناظر کا موازنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ڈرامہ پاکستانی سیریل سے متاثر دکھائی دیتا ہے۔









