سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر(Supreme Court Azad Jammu and Kashmir) نے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر (pti)کی رجسٹریشن سے متعلق کیس میں آزاد کشمیر ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے آئندہ سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دے دیا۔
سپریم کورٹ نے کیس میں تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں جب کہ معاملے کی مزید سماعت 2 جولائی کو ہوگی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کو پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کو بطور سیاسی جماعت رجسٹر کرنے کا حکم دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے اس فیصلے کو فی الحال معطل کرتے ہوئے کیس کی سماعت فل بینچ کے سپرد کر دی ہے، جہاں فریقین کے دلائل سننے کے بعد آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزیدپڑھیں:ملکی توانائی کےشعبے میں اہم پیشرفت، روزانہ 2 ہزار بیرل خام تیل کی پیداوار شروع
اس فیصلے کے بعد پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی رجسٹریشن کا معاملہ تاحال زیرِ التوا رہے گا اور حتمی فیصلہ سپریم کورٹ کی آئندہ سماعت کے بعد متوقع ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کی سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے کیس کی سماعت کے لیے چیف جسٹس سعید اکرم راجہ کی سربراہی میں فل بنچ تشکیل دے دیا ہے۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں 27 جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے، کاغذات نامزدگی، جانچ پڑتال، اپیلوں اور دستبرداری کی تمام تاریخیں بھی مقرر کر دی گئی ہیں۔
تازہ انتخابی فہرستوں کے مطابق رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 38 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
سپریم کورٹ نے پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے لیے مختص 12 اسمبلی نشستیں برقرار رکھتے ہوئے انتخابی عمل میں حائل ایک اہم آئینی رکاوٹ بھی دور کر دی، جس کے بعد انتخابات کے انعقاد کی راہ مزید ہموار ہو گئی ہے۔








