سُتھرا پنجاب(Suthra Punjab) کے بے لگام ٹرک نے ایک موٹر سائیکل کو روند کر ایک اور گھر کا چراغ گُل کر دیا۔
لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں تیز رفتاری کا مظاہرہ کرنے والے ستھرا پنجاب کے بے لگام ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا، جس سے ڈیڑھ سال کی معصوم بچی جاں بحق جب کہ اس کے والدین شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد مشتعل ہجوم نے ڈرائیور کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ ٹریفک انسپکٹر کوٹ لکھپت نے موقع پر پہنچ کر ٹرک ڈرائیور کو مشتعل شہریوں سے بچا کر اپنی تحویل میں لیا۔
ٹریفک پولیس نے ڈرائیور، ٹرک اور موٹر سائیکل کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا۔ لاہور ٹریفک پولیس نے ستھرا پنجاب کے ڈرائیورز کی تربیت کے لیے پہلے ہی متعلقہ حکام کو خط لکھا تھا۔
یکم جولائی سے اب تک سُتھرا پنجاب اور ایل ڈبلیو ایم سی کی گاڑیوں سے 4 حادثات میں 10 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ شہریوں نے غفلت کے مرتکب ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی ، نگرانی اور تربیت کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سے قبل حاصل پور ستھرا پنجاب کا ٹرک ایک گھر کی دیوار سے جا ٹکرایا تھا، جس سے دیوار گر گئی اور ایک خاتون کی ٹانگ ٹوٹ گئی، جب کہ سڑکوں پر کچرا پھینکتے ہوئے جانے کی ستھرا پنجاب کے ٹرکوں کی شکایت عام ہے۔








