بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مکسڈ مارشل آرٹس کنٹینڈر سیریز؛ 52 کلوگرام کیٹگری میں اورنگزیب نے حریف فیضان کو ناک آوٹ کردیا

اسلام آباد میں مکسڈ مارشل آرٹس(Mixed Martial Arts) کنٹینڈر سیریز کے مقابلوں میں 52 کلوگرام کیٹگری میں  اورنگزیب نے حریف فیضان کو ناک آوٹ کردیا۔کنٹینڈر سیریز کے پہلے ایک روزہ ایونٹ میں  12  فائٹس ہوئیں۔

پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (PAKMMAF) نے ملک میں مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) کے فروغ اور عالمی سطح کے کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے “پاک ایم ایم اے ایف کنٹینڈر سیریز” کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ پہلی بار پاکستان کی ٹیم ابو ظہبی میں بین الاقوامی مکس مارشل آرٹ کے ورلڈ چیمپئن شپ کے مقابلوں میں حصہ لے گی۔

کنٹینڈر سیریز کے پہلے ایک روزہ ایونٹ میں پاکستان کے نمایاں فائٹرز کے درمیان 12 مقابلے ہوئے۔ 52 کلوگرام کیٹگری میں اورنگزیب احمد نے حریف فیضان کو ناک آوٹ کر دیا۔ اورنگ زیب پنجاب کی سینئیر منسٹر مریم اورنگ زیب کا صاحبزادہ ہے۔

مزیدپڑھیں:ملک بھر میں موسم کا نیا رخ، کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اورنگزیب احمد نے کہاکہ وہ انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹ ورلڈ چیمپئن شپ کی تیاری کر رہے ہیں۔ ایک سوال پر اورنگزیب احمد نے کہاکہ مجھے بچپن سے مکس مارشل آرٹ بہت پسند ہے۔ حبیب ان کا پسندیدہ کھلاڑی ہے۔ والدہ کو انہوں نے اپنے شوق کے بارے میں بتایا تھا جس پر انہوں نے انہیں اس کھیل کی اجازت دی اور سپورٹ کیا۔

ایونٹ کی خاص بات سابق آئی ایم ایم اے ایف ایشین چیمپئن اور 2025 آئی ایم ایم اے ایف فائٹر آف دی ایئر شہاب علی کی پروفیشنل ایم ایم اے میں پہلی شرکت ہے۔


فیڈریشن کے مطابق فائیٹر اورنگزیب احمد کو مستقبل کا باصلاحیت سٹار تصور کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کا انتخاب نوجوان صلاحیتوں کی بروقت نشاندہی اور انہیں عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنے کی حکمت عملی کا مظہر ہے۔

پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر عمر احمد کی نگرانی میں تربیت حاصل کرنے والے شہاب علی کو مستقبل میں یو ایف سی تک رسائی حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھنے والا فائٹر قرار دیا جا رہا ہے۔ فیڈریشن نوجوان ٹیلنٹ کی تیاری پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے اور پہلی مرتبہ ابوظہبی میں منعقد ہونے والی آئی ایم ایم اے ایف یوتھ ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔

پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے مطابق کنٹینڈر سیریز کے ذریعے ملک میں پہلی مرتبہ ایک منظم اور مربوط ترقیاتی نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کا آغاز اسکولوں، کالجوں اور جامعات کی سطح سے ہوگا، پھر کنٹینڈر سیریز، ایشیائی اور عالمی چیمپئن شپ تک رسائی دی جائے گی۔

نمایاں کھلاڑیوں کو بین الاقوامی پروفیشنل تنظیموں تک پہنچنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں عالمی معیار کے ایم ایم اے چیمپئنز تیار کرنے کے لیے جامع نظام قائم کرنا ہے۔