اسلام آباد: بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانی شہریوں کے لیے حکومت نے امیگریشن کے عمل کو مزید آسان بنانے کی غرض سے آن لائن “ای پروٹیکٹر” سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق نئے ای پروٹیکٹر نظام(E Protector System) کے تحت شہری اب اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹریشن کا مکمل عمل انجام دے سکیں گے، جس سے وقت اور اخراجات دونوں میں نمایاں کمی آئے گی اور دفاتر کے غیر ضروری دوروں سے بھی نجات ملے گی۔
حکام کے مطابق یہ ڈیجیٹل نظام امیگریشن آرڈیننس 1979 اور متعلقہ قوانین کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد نہ صرف شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے بلکہ امیگریشن کے عمل کو مزید شفاف، مؤثر اور تیز رفتار بنانا بھی ہے۔ جس کے ذریعے روایتی کاغذی اور طویل طریقہ کار کو جدید ڈیجیٹل نظام میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے والے افراد کی رجسٹریشن کا عمل ملک بھر کے شہریوں کے لیے یکساں طور پر آسان اور قابل رسائی ہو جائے گا، چاہے ان کا تعلق کسی بھی شہر یا دور افتادہ علاقے سے ہو۔
مزید پڑھیں:پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ دوحہ اور لندن کے راستے ویسٹ انڈیز روانہ
واضح رہے کہ ماضی میں بیرون ملک روزگار کے خواہشمند افراد، خصوصاً دور دراز علاقوں کے شہریوں، کو پروٹیکٹر دفاتر کے بار بار چکر لگانے، طویل سفر، اضافی اخراجات اور مختلف انتظامی مراحل سے گزرنا پڑتا تھا۔









