بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میںسونے کے نرخ میں ریکارڈ کمی، 4 لاکھ 21 ہزار 836 روپے فی تولہ ہو گئے

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار 600 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 21 ہزار 836 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 86 روپے کی کمی (gold prices)کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 61 ہزار 656 روپے مقرر کی گئی ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 36 ڈالر سستا ہو کر 3 ہزار 994 ڈالر پر آ گیا۔ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے، جس کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت نیچے آ گئی۔

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، فی تولہ چاندی 126 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 29 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں کمی کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کا نیچے آنا ہے۔ جب بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کار سونے کے بجائے دیگر سرمایہ کاری کے ذرائع کا رخ کرتے ہیں یا عالمی معاشی حالات میں بہتری کی توقع پیدا ہوتی ہے تو سونے کی طلب کم ہونے سے اس کی قیمت میں کمی آتی ہے۔

مقامی سطح پر قیمتوں میں کمی سے زیورات خریدنے والے افراد، خصوصاً شادی بیاہ کے سیزن کی تیاری کرنے والے خاندانوں کو کچھ ریلیف مل سکتا ہے تاہم قیمت اب بھی 4 لاکھ 21 ہزار روپے فی تولہ سے زائد ہونے کے باعث سونا تاریخی طور پر انتہائی مہنگی سطح پر موجود ہے، اس لیے عام صارف کے لیے خریداری اب بھی آسان نہیں۔

مزید پڑھیں:مشرق وسطیٰ کیلئے متعدد یورپی ائیر لائنز کا فلائٹس آپریشن کی معطلی میں توسیع کا اعلان

دوسری جانب اگر آنے والے دنوں میں عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی یا ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ بڑھتا ہے تو سونے کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ بھی دیکھنے میں آ سکتا ہے۔