بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جرمنی میں ملازمت کے وسیع تر مواقع

جرمنی(Germany) میں ان دنوں آبادی میں اضافے اور طبی عملے کی ریٹائرمنٹ کے باعث ڈاکٹروں کی شدید کمی کا سامنا ہے، جس کے سبب غیرملکیوں کیلیے ملازمت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق مذکورہ صورتحال خاص طور پر دیہی علاقوں، جنرل میڈیسن، ایمرجنسی سروسز اور علاقائی اسپتالوں میں زیادہ دیکھی جارہی ہے، جس کی وجہ سے غیر ملکی ڈاکٹروں کے لیے وہاں ملازمت اور ٹریننگ کے بہترین مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں اس وقت تقریباً 4 لاکھ 37 ہزار ڈاکٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ صحت کے شعبے میں مجموعی طور پر 61 لاکھ سے زائد افراد کام کر رہے ہیں۔

تاہم بڑھتی عمر کی آبادی اور ریٹائر ہونے والے ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافے کے باعث آنے والے برسوں میں مزید معالجین کی ضرورت بڑھنے کا امکان ہے۔

غیر ملکی ڈاکٹروں کے لیے روشن امکانات
جرمنی میں غیر ملکی ڈاکٹروں کے لیے یونیورسٹی اسپتالوں، خصوصی طبی مراکز، ریجنل ہسپتالوں، بحالی مراکز، بزرگوں کی نگہداشت اور ہوم کیئر سمیت مختلف شعبوں میں ملازمت کے مواقع موجود ہیں۔

حکام کے مطابق دیہی علاقوں اور مشرقی جرمنی میں جنرل فزیشنز اور فیملی ڈاکٹرز کی کمی زیادہ ہے، جہاں غیر ملکی ڈاکٹروں کو ترجیحی بنیادوں پر ملازمتیں مل سکتی ہیں۔

طبی خدمات کے علاوہ تحقیق، تدریس، پبلک ہیلتھ، ہیلتھ انشورنس، فارماسیوٹیکل اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبے بھی ڈاکٹروں کے لیے پرکشش کیریئر آپشنز فراہم کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:مٹی کے تیل کی قیمت میں 34 روپے 33 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ

ڈگری کی منظوری اور لائسنس ضروری
جرمنی میں طب کا پیشہ سخت قوانین کے تحت ریگولیٹ کیا جاتا ہے، غیرملکی ڈاکٹر کو سب سے پہلے اپنی میڈیکل ڈگری کی جرمن معیار کے مطابق منظوری حاصل کرنا ہوتی ہے۔

منظوری مکمل ہونے پر ڈاکٹر کو “اپروبیشن ” نامی مستقل لائسنس جاری کیا جاتا ہے جبکہ اگر ڈگری جزوی طور پر مساوی قرار دی جائے تو “بیروفس ایرلابنس ” کے تحت عارضی اجازت نامہ دیا جاتا ہے، جس کے دوران اضافی امتحانات یا تربیت مکمل کرنا ضروری ہوتی ہے۔

جرمن زبان کی مہارت لازمی
غیر ملکی ڈاکٹروں کو کم از کم بی ٹو سطح تک جرمن زبان جاننا ضروری ہے، جبکہ زیادہ تر وفاقی ریاستوں میں سی ون سطح کے طبی زبان کے خصوصی امتحان (Fachsprachenprufung) میں کامیابی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔

دیگر شرائط
امیدواروں کو جسمانی و ذہنی صحت کا سرٹیفکیٹ، صاف کریمنل ریکارڈ اور پیشہ ورانہ دیانت داری کا ثبوت بھی فراہم کرنا ہوگا۔

ویزا کے مختلف راستے
یورپی یونین سے باہر کے ڈاکٹروں کے لیے جرمنی نے مختلف امیگریشن پروگرام متعارف کرا رکھے ہیں، جن میں:

EU Blue Card
Skilled Worker Visa
Opportunity Card (Chancenkarte)
Recognition Visa (ڈگری کی منظوری کے عمل کے لیے)

شامل ہیں۔

درخواست کیسے دی جائے؟
ماہرین کے مطابق جرمنی جانے کے خواہشمند ڈاکٹر سب سے پہلے اپنی ڈگری کی منظوری کے لیے سرکاری Recognition in Germany پورٹل پر درخواست دیں، ساتھ ہی جرمن زبان کی تیاری شروع کریں اور ملازمت کے لیے Make it in Germany پورٹل پر دستیاب آسامیوں سے استفادہ کریں۔

ملازمت کی پیشکش ملنے یا ویزا کی شرائط پوری ہونے کے بعد متعلقہ جرمن سفارت خانے سے ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے۔