اسلام آباد: این ڈی ایم اے نے 18 سے 23 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں اچانک سیلابی صورتحال کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق تمام ممکنہ خطرات کی پیشگی تشخیص اور متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ گلگت بلتستان کے دریاؤں اور ندی نالوں میں درمیانے سے بلند درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
ادارے کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی و وسطی اضلاع اور پہاڑی برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ آزاد کشمیر میں دریائے نیلم، جہلم، پونچھ اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے 19 سے 24 جولائی تک آزاد جموں و کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث نیلم، حویلی، پونچھ، مظفرآباد اور باغ میں مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے، کوٹلی، سدھنوتی، میرپور اور بھمبر کے پہاڑی علاقوں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کے درمیانے درجے کے خطرات موجود ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مظفرآباد، باغ، کہوٹہ اور بھمبر کی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پہاڑی ڈھلوانوں، دریا کے کناروں اور حساس مقامات پر احتیاط برتیں۔
ادارے نے پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی 17 سے 23 جولائی تک ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کیا ہے، شدید بارشوں کے باعث پنجاب اور بلوچستان کے برساتی ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔
سیالکوٹ، نارووال، گجرات، ڈی جی خان، راجن پور، مری اور گلیات کے برساتی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے، بلوچستان کے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، ہرنائی، سبی، کوہلو اور جعفرآباد سمیت دیگر اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، راوی اور ان سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارے نے پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں 18 سے 23 جولائی تک شہری سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور شیخوپورہ میں شہری سیلاب کا امکان ہے، پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ کے نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے، ریکٹر سکیل پر شدت 4 ریکارڈ کی گئی
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری اور ریسکیو ٹیمیں الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام کو برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں اور خطرناک راستوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔عوام کو مستند معلومات اور حفاظتی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔









