بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راولاکوٹ ، شرپسند عناصر کی فائرنگ ، 7 اہلکار شہید ، 143زخمی ہوئے، آزاد کشمیر حکومت

آزاد کشمیر حکومت نے غیرملکی ادارے کی رپورٹ کو مسترد کردیا جس میں مظاہرین پر فائرنگ اور ہلاکتوں کا دعویٰ کیا گیا تھا
آزاد جموں و کشمیر حکومت نے سیکیورٹی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ اور ہلاکتوں کے تمام الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں شرپسند عناصر کی فائرنگ سے 7 اہلکار شہید جبکہ 143 زخمی ہوئے۔

سیکریٹری اطلاعات آزاد جموں کشمیر راشد حنیف نے پریس کانفرنس میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاکتوں اور دیگر الزامات سے متعلق دعووں کو غیرمصدقہ، گمراہ کن اور منظم ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔

حکومت آزاد جموں و کشمیر نے راولاکوٹ کے حالیہ واقعات پر بی بی سی کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے راشد حنیف نے کہا کہ کہا ہے کہ راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح عناصر نے فائرنگ کرکے سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید اور زخمی کیا جبکہ متعدد گاڑیوں کو آگ لگائی، سیکیورٹی فورسز نے شہریوں کو نشانہ بنانے کے بجائے صرف قانون نافذ کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کارروائی کی تھی۔

حکومت آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ پولیس ترجمان کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح عناصر کی فائرنگ سے 7 اہلکار شہید اور 143زخمی ہوئے، کالعدم ایکشن کمیٹی ماضی میں بھی پُرتشدد رہی، 2024 اور 2025 کے مسلح حملوں میں 4 اہلکار شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے، 28 اور29جولائی کو گرفتار2 افراد میں سے ایک نے ہر رینجر کے قتل پر ایک کروڑ روپےانعام کا دعویٰ کیا، جس سے مبینہ فنڈنگ پر سوال اٹھے۔

حکومت آزاد جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ تصدیق شدہ ویڈیوز میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح افراد کو جدید ہتھیاروں سمیت فائرنگ کرتے دکھایا گیا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحمل اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کیں، عام شہریوں کے خلاف کارروائیاں نہیں کی گئیں، اندھا دھند فائرنگ، اسنائپرز کے استعمال یا لاشیں لواحقین کے حوالے نہ کرنے جیسے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

حکومت آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی ماضی میں بھی سڑکیں بند کرنے، مال بردار گاڑیوں کو روکنے یا جلانے اور ضروری اشیاء کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنے میں ملوث رہی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حالات کے مطابق راستے کھلے رکھنے اور ضروری اشیاء کی ترسیل یقینی بنانے کی کوشش کی۔

مزید پڑھیں:پیٹرول 4 روپے 8 پیسے سستا، ڈیزل 2 روپے 45 پیسے سستا، نوٹفکیشن جاری

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم تنظیم ہے،اس کے خلاف تمام قانونی اقدامات قانون کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔