عالمی منڈی میں منگل کے روز سونے کی قیمتوں(Gold Rates) میں معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، تاہم مجموعی طور پر قیمتیں تقریباً مستحکم رہیں۔ سرمایہ کار ایک جانب امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات سے متعلق متضاد بیانات کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب امریکی لیبر مارکیٹ کے اہم معاشی اعداد و شمار کا انتظار بھی کیا جا رہا ہے، جو فیڈرل ریزرو کی آئندہ شرح سود کے فیصلوں پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ تقریباً بغیر کسی تبدیلی کے 4,055.39 ڈالر فی اونس پر برقرار رہا، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز میں 0.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 4,055.10 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور تہران کے پاس جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ کرنے کا آخری موقع موجود ہے۔ تاہم ایران نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ امریکا کے ساتھ نہ کوئی مذاکرات جاری ہیں اور نہ ہی کسی ممکنہ ملاقات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے توانائی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ایسی صورتحال میں مرکزی بینک مہنگائی پر قابو پانے کے لیے شرح سود میں اضافے کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ اگرچہ سونے کو روایتی طور پر مہنگائی سے تحفظ فراہم کرنے والی محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، لیکن بلند شرح سود اس کی طلب کو متاثر کر سکتی ہے کیونکہ سونے پر کوئی منافع یا سود حاصل نہیں ہوتا۔
مارکیٹ کے اندازوں کے مطابق اس وقت تقریباً 65 فیصد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فیڈرل ریزرو ستمبر میں شرح سود میں اضافہ کر سکتا ہے۔ نیویارک فیڈ کے صدر جان ولیمز نے کہا کہ انہیں توقع ہے مہنگائی کا دباؤ بتدریج کم ہوگا، تاہم اگر افراطِ زر توقعات کے مطابق کم نہ ہوئی تو مرکزی بینک مزید سخت مانیٹری پالیسی اختیار کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔
مزیدپڑھیں:ہمارے لیے الٹی اور سیدھی گنتی مسئلہ نہیں ہے، سینیٹر افنان اللہ
اس ہفتے امریکی معیشت سے متعلق کئی اہم رپورٹس بھی جاری کی جائیں گی، جن میں جاب اوپننگز رپورٹ، اے ڈی پی روزگار رپورٹ اور جمعہ کو نان فارم پے رولز شامل ہیں۔ سرمایہ کار ان اعداد و شمار کو فیڈرل ریزرو کی آئندہ پالیسی کے حوالے سے اہم اشارے تصور کر رہے ہیں۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کے مرکزی بینک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے زرِ مبادلہ کے ذخائر کو مزید مضبوط بنانے اور سپلائی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کے لیے مقامی سطح پر پیدا ہونے والا سونا خریدے گا۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 58.24 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.4 فیصد بڑھ کر 1,633.88 ڈالر فی اونس ہو گیا، جبکہ پیلیڈیم 0.2 فیصد کمی کے بعد 1,262 ڈالر فی اونس پر آ گیا۔









