بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آٹا، گھی، تیل، دالیں اور چاول مہنگے داموں فروخت ،عوام پریشان

پٹرولیم مصنوعات(Petroleum Products) کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہ آسکی، آٹا، گھی، کوکنگ آئل، دالیں، چاول، دودھ اور گوشت مہنگے داموں فروخت ہونے سے شہری پریشان ہیں۔

شہر میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 100 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے، جبکہ درجہ اول کے کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت 615 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

چاول بھی مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں، جن کی قیمت 450 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ اسی طرح دودھ اوپن مارکیٹ میں 210 سے 240 روپے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کے مطابق سادہ روٹی بھی سرکاری نرخ پر دستیاب نہیں۔ سرکاری قیمت 14 روپے مقرر ہونے کے باوجود سادہ روٹی 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ دہی بھی سرکاری نرخوں سے زائد 230 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب سبزی اور ترکاری بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق دستیاب نہیں، جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ اشیائے خورونوش کی خریداری میں اضافی رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے۔

مزیدپڑھیں:معروف اداکار علی رضا کے والد جہان فانی سے کوچ کرگئے

گوشت کی قیمتوں میں بھی سرکاری اور مارکیٹ ریٹس میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔ 800 روپے فی کلو سرکاری قیمت والا بیف 1500 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ مٹن کی سرکاری قیمت 1600 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں اس کی قیمت 3 ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی یا استحکام کا براہ راست فائدہ عوام تک منتقل نہیں ہو رہا، جبکہ مہنگی اشیائے ضروریہ نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کر دیا ہے۔

عوام نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔